اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے، ڈی جی ایف آئی اے نے وفاقی وزیر داخلہ کا خیر مقدم کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ایف آئی اے کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کیلئے کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی ہوگی، ایف آئی اے ملکی سلامتی اور سکیورٹی کا انتہائی اہم ادارہ ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ زیر التوا ترقی کے کیسز کو 30 دن کے اندر نمٹایا جائے، مؤثر اقدامات کے ذریعے ملک سے جعلی ادویات کی لعنت کا خاتمہ کرنا ہوگا، ایف آئی اے کو بجلی چوری کی روک تھام میں بھی کردار ادا کرنا ہوگا، انسانی سمگلنگ کا انسداد بھی انتہائی اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا وزارت انسداد منشیات کا دفتر استعمال نہ کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزیر داخلہ نے یونان کشتی حادثہ کے سلسلے میں کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی، محسن نقوی نے کہا کہ مختلف ملکوں میں تعینات افسروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے، ڈالر کی ملک سے باہر سمگلنگ کو روکنے کیلئے جامع پلان وضع کیا جائے، ہنڈی حوالہ کا بھی مؤثر اقدامات سے سدباب کرنا ہوگا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ جعلی دستاویزات پر ملک سے روانگی اور آمد کو بھی روکا جائے، انٹرپول کے حوالے سے بہتر کام کیا گیا ہے اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی ہے، افسروں کی استعداد کار کو بڑھانا انتہائی ضروری ہے، پولیس سٹیشنوں کی حالت کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے، وفاقی وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی بھی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ کو ادارہ جاتی امور پر بریفنگ دی گئی۔