اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی شہدا اور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم چلانے سے صاف پتہ چل جاتا ہے کہ وہ غیرملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے شہداء کے خلاف پی ٹی آئی سے منسلک اکاؤنٹس سے غلیظ مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے زمین پر، پی ٹی آئی حامیوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے حملے ہوں یا 9 اگست کو سانحہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتیں ہوں، تحریک انصاف نے ہمیشہ شہدا کا مذاق اڑایا، پوری قوم شہدا کی قربانیوں کے قرض کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہدا کی توہین کرنے والوں کیلئے قوم کے دل میں کوئی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ نہ سیاسی جماعت ہے نہ ہی یہ سیاسی کارکن ہیں، یہ صرف فسادی اور لشکری ہیں، ان شر پسند عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرکے پی ٹی آئی نے پاکستان کے معاشی محاذ پر حملہ کیا۔