الیکشن میں اختلافات پرشہداء کو شامل کرنا گھٹیا عمل ہے: خواجہ آصف

Published On 17 March,2024 03:00 pm

سیالکوٹ :(دنیا نیوز)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ الیکشن میں اختلافات پرشہداء کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ میں میر علی میں دہشت گرد واقعہ کی مذمت کرتا ہوں، دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے اتحاد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل لیفٹیننٹ کرنل، کیپٹن اور ہمارے جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف قربانی دینے والے ہمارے محسن ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شہداء کے خلاف ایک سیاسی جماعت نےسوشل میڈیا پرمہم چلائی، ان کی شہادتوں کا مذاق اڑایا، وطن کے ساتھ اس سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں ہوسکتی ہے۔

انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا کہ آج اگر ملک قائم ہے تو ان شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں اختلافات پرشہداء کو شامل کرنا انتہائی گھٹیا عمل ہے، یہ سیاسی جماعت اپنی شناخت کھوچکی، آج یہ بے نام پارٹی ہے، ناجانے کون اس پارٹی کو چلا رہا ہے،کون ملک سے باہر بیٹھ کر گالیاں دے رہا ہے۔

خواجہ آصف نے تحریک انصاف پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ ملک کی خیر مانگنے کے بجائے یہ اسے بد دعائیں دیتے ہیں، آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔