اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے وفد نے متحدہ کے وفد سے ملاقات کی، ملاقات پارلیمنٹ لاجز میں ہوئی۔
مسلم لیگ ن کے وفد میں احسن اقبال، سعد رفیق، رانا تنویر شامل تھے، ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال امین الحق اور آسیہ اسحاق شریک تھیں۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم (ن) لیگ کے ساتھ ہیں ان کی ہم قسم کی مدد کریں گے، ہماری دعائیں ہیں کہ شہبازشریف جیتیں اور کامیاب ہوں، ہماری دعا اور نیک تمنائیں ن لیگ اور شہباز شریف کے ساتھ ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم شہباز شریف کو سپورٹ کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، شہبازشریف اپوزیشن اور حکومت کو نہ دیکھیں 24 کروڑ عوام کی طرف دیکھیں، ہمارے جو مطالبات تھے وہ ن لیگ نے مان لئے، میں ان کا شکر گزار ہوں، نظریاتی گورننس کے حوالے سے اختلافات رہیں گے ذاتی اختلافات نہیں ہیں۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صبح وزیراعظم کا الیکشن ہے، ہم وزیراعظم کا ووٹ ایم کیو ایم سے مانگنے آئے تھے، شہبازشریف کی طبیعت خراب تھی ورنہ وہ خود ایم کیو ایم کے پاس ووٹ کی درخواست کے لئے آتے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ہمارا ایم کیو ایم کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے لئے آئین سازی کا معاہدہ ہوا ہے۔