کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ انا کیلئے ملکی سالمیت سے نہیں کھیلیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں آنا نہیں تھا، مجھے بینظیر بھٹو نے انتخابات کے لئے چنا تھا، مجھے کہا جا رہا تھا کہ تم آج یا کل گرفتار ہو جاؤ گے، بلاول بھٹو نے کہا اگر مراد علی شاہ گرفتار ہوا بھی تو ہمارا چیف منسٹر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ سندھ منتخب
مراد علی شاہ نے کہا کہ بہت کٹھن وقت تھا جو گزر گیا، ذمہ داری سنبھالنے کے لئے بہت کچھ سوچنا پڑتا ہے، اسمبلی میں موجود تمام پارٹیوں کے کارکنوں سے کہوں گا مل کر مثبت کردار ادا کریں، تنقید نہیں کریں گے اپنی اصلاح کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہماری غلطیوں کو مثبت سے نوٹ کر کے بتائیں اس پر عملدرآمد ہوگا، ہم لوگوں کی نبض کو جانتے ہیں، ہم نے 2018ء میں 2013ء سے زیادہ سیٹیں لیں، ہم نے 2024ء کے الیکشن میں 2018ء کے الیکشن کے تمام ریکارڈ تو ڑ دیئے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان مشکلات میں ہے، دہشت گردی کے واقعات دوبارہ ہورہے ہیں، سندھ میں سٹریٹ کرائم اہم مسئلہ ہے، دیگر 3 صوبوں کے لوگوں کو بھی قائل کریں گے کہ وہ پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں۔
انہوں نے کہا کہ اگلی بار بلاول بھٹو عوام کے ووٹوں سے وزیراعظم بنیں گے، ہم سندھ میں کسان کارڈ پہلے ہی بناچکے ہیں، ہم سندھ میں مزدور کارڈ بھی بنا چکے ہیں، اسی لئے ووٹ ملے ہیں، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں بھوک مٹاؤ پروگرام بھی پہلے ہی شروع کرچکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے سندھ میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنا بلاول بھٹو کا مشن ہے، ایوان میں دوسری طرف بیٹھے لوگوں سے کم کراچی کو نہیں جانتا، اگر کوئی کراچی کو سندھ سے الگ سمجھتا ہے تو دماغ کا علاج کرائے، سندھ میں اپنے ایک ایک رکن کے فارم 45 کی ذمہ داری لیتا ہوں۔