لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پنجاب میں سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ کیلئے ن لیگ کو ووٹ دیں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما علی حیدر گیلانی نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی کی پارلیمانی پارٹی کا پہلا اجلاس تھا، ہمارے چودہ اراکین اجلاس میں موجود تھے، ہم نے پارٹی کے حکم پر اس بات کا اعادہ کیا کہ سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعلیٰ کے لئے ن لیگ کو ووٹ دیں گے۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب میں بہت مہنگائی ہے، ہم نے الیکشن مہم میں ایک نفرت کی فضا دیکھی، سب کو اپنے اختلافات اور رنجشیں بھلا کر عوام کی خاطر چلنا پڑے گا، الیکشن کا مقصد غریب عوام کی زندگی میں خوشحالی لانا ہے، ہم پنجاب کے عوام کیلئے مل کر کام کریں گے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما نے کہا کہ ساؤتھ پنجاب کے عوام نے پیپلزپارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے، ہم نے پچھلی بار کی نسبت 21 فیصد ووٹ زیادہ حاصل کئے ہیں، ہم نے سپیکر پنجاب اسمبلی سے ڈیمانڈ کی ہے ہاؤس کمیٹی بناکر دیں، پچھلی بار بھی سرائیکی صوبے کے لئے قرارداد پاس کرائی، جنوبی پنجاب کو اس کا حق ملنا چاہئے، وسائل پر اپنا اختیار ہونا چاہئے۔
علی حیدر گیلانی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے وزیراعلیٰ کیلئے خاتون کا انتخاب کیا، پیپلز پارٹی کو خوشی ہوئی ہے۔