لاہور : (دنیانیوز) الیکشن کمیشن نے این اے130لاہور سے کامیاب امیدوارنواز شریف کو نوٹس جاری کردیا جبکہ ریٹرننگ افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔
الیکشن کمیشن میں این اے130 لاہور سے پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت ہوئی ، پی ٹی آئی رہنما کے وکیل نے کہا کہ 376 میں سے 334 پولنگ سٹیشنز کے نتائج کے مطابق یاسمین راشد 20 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے جیت رہی تھیں،پھر رات کو پولیس والے آئے اور ریٹرننگ افسر کو تبدیل کردیا گیا، ہمارے ایجنٹس کو نکال دیا گیا پھر باقی 33 پولنگ سٹیشنز سے نواز شریف کو ایک لاکھ ایک ہزار ووٹ ڈال دئیے گئے۔
ممبرالیکشن کمیشن نے کہاکہ اس کیس میں تو الیکشن کمیشن بھی جوابدہ ہے اب کیس ہم اپنے خلاف سنیں؟ الیکشن کمیشن نے این اے130لاہور سے کامیاب امیدوار نواز شریف کو نوٹس جاری کردیا جبکہ ریٹرننگ افسر سے رپورٹ طلب کرلی۔
الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 27فروری تک ملتوی کردی ۔