پشاور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کرنے پر پی ٹی آئی کے اندر اختلاف سامنے آگئے۔
نو منتخب ایم این اے جنید اکبر خان نے ’دنیا نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کیا گیا تو ہم اپنا لائحہ عمل بنائیں گے، ملاکنڈ ڈویژن بلکہ خیبرپختونخوا کے اکثر قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے تیار نہیں، پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کیا گیا تو اپنا بلاک بنائیں گے۔
جنید اکبر خان نے کہا کہ محمود خان اور پرویز خٹک کے کہنے پر پارٹی رہنماؤں اور ورکرز پر جو ظلم کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، ہمارے اوپر مقدمات درج کئے گئے، گھر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، پی ٹی آئی پی کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ کسی صورت قبول نہیں۔
نو منتخب ممبر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پارٹی کے اس فیصلے پر جتنا ہوسکتا ہے مزاحمت کریں گے، پارٹی سے غداری کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے، پی ٹی آئی پی میں جب تک محمود خان ہے اس وقت تک ہم اتحاد کی مخالفت کرتے رہیں گے۔