آصف زرداری اور بلاول سمیت مزید 37 امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشن جاری

Published On 17 February,2024 12:06 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) الیکشن کمیشن نے آصف زرداری، بلاول بھٹو سمیت مزید 37 امیدواروں کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز جاری کردیے۔

ملک میں عام انتخابات کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نتائج جاری کیے جا رہے ہیں، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190 تا 224 تمام حلقوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نوٹی فکیشنز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

این اے  207سے سابق صدر آصف علی زرداری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جبکہ این اے 194لاڑکانہ اور این اے196قمبرشہدادکوٹ سے بلاول بھٹو زرداری کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیاگیا۔

این اے201سکھر سے سیدخورشید شاہ کامیاب قراردیے گئے جبکہ این اے 202خیرپورسے نفیسہ شاہ ، این اے 209سانگھڑ سے شازیہ مری کامیاب قرارپائیں، این اے199گھوٹکی سے علی گوہر خان مہر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سمیت قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کے نوٹی فکیشن جاری کیے گئے تھے۔