جماعت اسلامی پیپلزپارٹی کے لئے لوہے کے چنے ثابت ہوگی: حافظ نعیم الرحمان

Published On 06 February,2024 10:18 pm

کراچی: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی کراجی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی پیپلزپارٹی کے لئے لوہے کے چنے ثابت ہوگی۔

امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے اورنگی ٹاؤں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہزاروں سرکاری سکولز ہیں جو منشیات کے اڈے بنے ہوئے ہیں، کراچی کا ہر دوسرا بچہ تعلیم سےمحروم ہے اور پورے سندھ کا یہی حال ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کو گزشتہ 15سال میں تباہ و برباد کر دیا ہے، اب کراچی کےعوام 8 فروری کو پیپلزپارٹی کو مسترد کرکے تباہ وبرباد کردیں گے، پیپلزپارٹی کو اب تک ایم کیو ایم میسر آئی تھی لیکن اب جماعت اسلامی کراچی کی آواز ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی سے وابستہ سیاسی و مذہبی جماعتیں ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہو رہی ہیں، ساری جماعتیں مل کر جماعت اسلامی کے خلاف اکٹھا ہوگئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اس وقت سب سے زیادہ مقبول ترین جماعت جماعت اسلامی بن گئی ہے۔