پاکستان کا سکون اپنی ماں مسلم لیگ ن کی گود میں ہے: احسن اقبال

Published On 06 February,2024 10:08 pm

نارووال: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کا سکون اپنی ماں مسلم لیگ ن کی گود میں ہے۔

احسن اقبال نے حلقہ این اے76 کے علاقے نورکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپنے ورکروں کو چور ڈاکو کے نعرے اور گالم گلوچ سکھایا ہے، بانی پی ٹی آئی کا ایک منصوبہ بتائیں جو 4 سال میں لگایا ہو۔

احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگ نے لوڈشیڈنگ، مہنگائی، دہشت گردی کا خاتمہ کیا، سی پیک بنایا، پی ٹی آئی فتنہ، انتشار کا ٹولہ ہے، کیا کوئی سیاسی جماعت چھاؤنیوں پر حملہ کر سکتی ہے؟ کیا قائداعظم، شہیدوں اور فوج پر حملہ کرنے والے پاکستانی ہو سکتے ہیں؟

انہوں نے مزید کہاکہ ایک مذہبی جماعت ہمارے لئے جنت اور جہنم کے فیصلے کر رہی ہے، ہر مسلمان ختم نبوت کا سپاہی ہے، ایک خدا، رسولؐ اور کتاب ہماری طاقت ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ کون سی سیاسی جماعت ہے جو اپنے ہی قائد کے گھر کو جلائے، کیا کوئی سیاسی جماعت ملکی فوج پر حملہ آور ہو سکتی ہے؟