پاکستان کسی کی جاگیر نہیں، گمراہ کن نعروں میں نہ آئیں: خواجہ سعد رفیق

Published On 02 February,2024 08:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) رہنما مسلم لیگ ن و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کسی کی جاگیر نہیں اور نہ ہی پاکستان میں کسی انتہا پسند کی ضرورت ہے، کسی کے گمراہ کن نعروں میں نہ آئیں۔

مسلم لیگ ن ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور والوں نے کبھی بھی نواز شریف اور شہباز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑا، اس لیے نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پاکستان میں ترقیاتی کاموں کا سوچتی ہے، آج پاکستان کو نفرت کے ٹیکے لگانے والی قیادت نہیں چاہیے، کوئی اور جماعت اس کے بارے میں نہیں سوچتی، پورے پاکستان میں ترقیاتی کاموں کی بات ہو گی تو صرف (ن)لیگ کی بات ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہم جو بات کرتے ہیں وہ پورا کرنا جانتے ہیں،آئی لو یو فیصل آباد والو: نوازشریف

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھے ہیں ہم نےکوئی خوشی نہیں منائی ، یہ اپنے دور میں مٹھائیاں بانٹتے تھے، خوشیاں مناتے تھے، نواز شریف نے پاکستان میں آ کر کہا میں نے اپنافیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا، میں نے کسی سے بدلے کی سیاست نہیں کرنی۔

رہنما ن لیگ نے مزید کہا کہ ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے اگر ہمیں موقع ملاتو پاکستان کی ترقی کیلئے پورا زور لگا دیں گے، پاکستان کے اداروں کو ان کے قدموں پرکھڑا کریں گے، ہم پاکستان کو جدید پاکستان کی طرف لےکر جائیں گے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ میں دنیا میں سر اٹھا کر چل سکیں، 8فروری کو گھر گھر جاؤ، پولنگ سٹیشن جاؤ اور مسلم لیگ ن کو کامیاب کراؤ۔