عوام جانتے ہیں پیپلزپارٹی ہی مسائل حل کرسکتی ہے: بلاول بھٹو

Published On 02 February,2024 07:10 pm

شکارپور :(دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں پیپلزپارٹی ہی مسائل حل کرسکتی ہے، سازش کونہیں مانتے، ہم کہتے ہیں ’’نہ کھپے، میاں صاحب نہ کھپے‘‘،

شکار پور میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ نے پہلے بھی ہم پر اعتماد کیا تھا، ہماری حکومت آئے گی تو بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کے لئے روزگار کا انتظام کریں گے، آپ کے جو مسائل ہونگے آپ کے ساتھ مل کر ان کا حل نکالوں گا، صرف پیپلز پارٹی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ شکارپور کےعوام جانتےہیں ملک مشکل میں ہے ،ہم ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں،ہم نے معاشی معاہدہ تیارکیا ہے،عوام چاہتےہیں ایسی حکومت بنےجوروزگار دےسکے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی آج نہیں3نسلوں سےغربت کا مقابلہ کررہی ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت آئےگی تو قائدعوام کانامکمل مشن پوراکریں گے، ہمارے مخالف آپ کو لسانیت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتےہیں،تقسیم اور نفرت کی سیاست کرنےوالوں کوبھرپور جواب دیں،تیر پرمہرلگائیں۔