کراچی: پولیس سے تصادم، پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت سمیت 131 افراد کیخلاف مقدمہ درج

Published On 29 January,2024 01:02 pm

کراچی : (دنیانیوز) کراچی میں تین تلوار پر پولیس اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان میں تصادم کا مقدمہ صوبائی قیادت سمیت 131 افراد کے خلاف درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فریئر تھانے میں درج مقدمے میں انسداد دہشتگردی، ہنگامہ آرائی، بلوہ اور لوٹ مارکی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

درج مقدمے میں پی ٹی آئی کے جن کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے اُن میں گلزار قاضی، ایاز رحیم، سلطان رحیم، عبدالستار اور محمد فہیم سمیت دیگر 75 اہم رہنماؤں کو شامل کیا گیا ہے ، علاوہ ازیں 4 سے 5 ہزار نامعلوم افراد کو بھی کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمات کے متن کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کو سوشل میڈیا کے ذریعے ایک دو روز سے پرتشدد احتجاج کے لیے تیار کیا جارہا تھا ، ان کے پاس ریلی یا جلسے کا اجازت نامہ نہیں تھا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ تین تلوار چوک پر اطراف میں ٹریفک کو روکا گیا، قائدین نے کارکنان کو اشتعال دلایا اور پولیس پر حملہ کیا ، فائرنگ اورپتھراؤ سےشدید خوف و ہراس بھی پھیلا، کاروبار بند ہوا اور بھگدڑ مچی، ہنگامہ آرائی کےدوران15افراد گرفتار ہوئےجبکہ نائن ایم ایم کے4خول ملے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز (28 جنوری کو) تحریک انصاف نے کراچی کے علاقے تین تلوار پر ریلی نکالنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔