لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات نے کل27 جنوری سےملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد مغربی ہوائیں آج ملک میں داخل ہوں گی جو 27 سے 31 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں میں موجود رہیں گی۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل سے گلگت بلتستان اورکشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
حکام محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 سے 31 جنوری تک چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں وقفے وقفے سے ہلکی و درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔
28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے ، 30 اور 31 جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اور ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پنجاب ،خیبر پختونخوا کے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔