لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے 25 سے 28 جنوری تک پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے، ڈی جی خان، بہاولپور، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانوالا کے بیشتر علاقوں میں بارش ہوگی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقے جنوری کے آخری ہفتے بھی دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ مری اور گردونواح میں بھی بارش اور برف باری متوقع ہے، مری میں سیاحوں کی سہولیات کیلئے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ خشک سردی سے مختلف بیماریوں کا پھیلاؤ تیز ہو رہا ہے، بارشوں کا سلسلہ وبائی امراض میں کمی کا باعث ہوگا۔