پیپلز پارٹی آج لاہور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، انتظامات مکمل

Published On 21 January,2024 10:55 am

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی آج لاہور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

پیپلز پارٹی این اے 127 ٹاؤن شپ لاہور میں پاور شو کرے گی جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جلسہ عام سے خطاب کریں گے، پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی بلاول بھٹو کی آمد سے قبل خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پنڈال میں جیالوں کیلئے 5 ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئیں ہیں، جلسہ گاہ میں مرکزی سٹیج بھی تیار کر لیا گیا،پنڈال میں ساؤنڈ سسٹم اور لائٹس کی تنصیب کر دی گئی ہے۔

جلسہ گاہ میں میڈیا کیلئے الگ کنٹینر مختص کیا گیا ہے، پنڈال میں خواتین کیلئے بھی الگ بلاک بنایا گیا ہے، جلسہ گاہ کی طرف جانے والے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ این اے 127 سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، ن لیگ کے عطا تارڑ اور تحریک انصاف کے نامزد امیدوار ظہیر عباس کھوکھر مدمقابل ہیں۔