ڈیرہ بگٹی میں پری پول دھاندلی کے لئے گراؤنڈ بنائی جا رہی ہے:شاہ زین بگٹی

Published On 15 January,2024 06:55 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سربراہ جمہوری وطن پارٹی نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ ڈیرہ بگٹی میں پری پول دھاندلی کے لئے گراؤنڈ بنائی جا رہی ہے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں 21 پولنگ سٹیشنز شفٹ کر کے 35 سے 40 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، پولنگ سٹیشنز دور رراز کے علاقوں میں منتقل کیے جا رہے ہیں۔

شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ریٹرننگ افسر نے سکیورٹی اور عوام کے مفاد کے باعث پولنگ سٹیشنز تبدیلی کرنے کا جواز دیا ہے، نئی جگہ پولنگ سٹیشنز قائم کرنے سے ووٹرز کو مشکلات ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر سلیکشنز ہیں تو ہمیں بتادیا جائے کہ سلیکشن میں آپ حصہ نہ لیں، 2013، 2018 کے جنرل اور 2019 کے ضمنی انتخابات انہی حالات میں ہوئے ہیں۔

سربراہ جمہوری وطن پارٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی میں پولنگ سٹیشن کی منتقلی سے متعلق الیکشن کمیشن، ڈی آر اوز، آر اوز کو تحریری درخواستیں دی گئی ہیں، ڈیرہ بگٹی میں پری پول دھاندلی کے لئے گراؤنڈ بنائی جا رہی ہے، پُرامن، صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جائے۔

نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان ہماری درخواستوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔