ہمارے آزاد امیدواروں کو 'تیر' کا نشان نہ ملا تو الیکشن متنازعہ ہو جائیگا: چودھری منظور

Published On 15 January,2024 06:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری منظور نے کہا ہے کہ ہمارے آزاد امیدواروں کو تیر کا نشان نہ ملا تو الیکشن متنازعہ ہو جائے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی رہنما چودھری منظور کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 66 کے تحت امیدوار اپنا سائن شدہ سرٹیفکیٹ آر او کے پاس لے کر جائے گا، اس آرٹیکل کے تحت آر او ماتحت ہے کہ وہ امیدوار کو وہی نشان الاٹ کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بتایا تھا پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز اور پاکستان پیپلز پارٹی 2 پارٹیز ہیں، ان دونوں کا الائنس ہے، ہم دونوں پارٹیز پاکستان پیپلز پارٹی کے نشان تیر پر الیکشن لڑیں گے لیکن پھر بھی ہمارے 7 امیدواروں کو تیر کا نشان نہیں دیا گیا، زبردستی آزاد امیدوار بنا دیا گیا۔

چودھری محمود کا کہنا تھا کہ ہم نے بروقت اپنے کاغذات نامزدگی آر او آفس جمع کروایئے تھے، آج صبح ہم نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس کا کوئی جواب نہیں آیا، ہمارا مطالبہ ہے الیکشن کمیشن فوراً آر اوز کو ہدایت کرے کہ ہمیں پارٹی کا نشان الاٹ کرے۔

رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم کہتے آئے ہیں 2013ء اور 2018ء کا الیکشن متنازعہ ہے لیکن وہ انتخابات الیکشن ہونے کے بعد متنازعہ ہوئے، اگر ہمیں الیکشن کے لئے تیر کا نشان نہیں دیا گیا تو یہ الیکشن انتخابات ہونے سے پہلے ہی متنازعہ ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے الیکشن کی تاریخ کا مطالبہ کیا، ہم نے سب سے پہلے انتخابی مہم شروع کی، اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ہم احتجاج بھی کریں گے اور قانونی راستہ بھی اختیار کریں گے۔