اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں الیکشن کے التوا کی قرارداد پیش کرنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ دیا۔
سینیٹر دلاور خان کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ بات باعث تشویش ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ قرارداد میں نشاندہی کئے گئے تحفظات پر توجہ دینی چاہیے تھی، مسائل حل کئے بغیر صاف شفاف انتخابات کے انعقاد پر سمجھوتا نظر آرہا ہے، بطور ایوان کے کسٹوڈین مداخلت کر کے میری قرارداد پر عمل درآمد کی موجودہ صورت حال معلوم کی جائے۔
سینیٹر دلاور خان کا کہنا ہے کہ یقینی بنایا جائے کہ 8 فروری کے انتخابات ملتوی کئے جائیں تاکہ ملک بھر سے لوگ الیکشن سرگرمیوں میں شرکت کر سکیں۔
واضح رہے کہ سینیٹر دلاور خان نے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اکثر علاقوں میں سخت سردی ہے، اس وجہ سے ان علاقوں کی الیکشن عمل میں شرکت مشکل ہے جسے ایوانِ بالا سینیٹ نے کثرتِ رائے سے منظور کیا تھا۔