اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن ٹریبونلز نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور تیمور سلیم جھگڑا سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات منظور کر لئے۔
الیکشن ٹریبونل میں پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کی اپیل پر جج جسٹس شکیل احمد نے سماعت کی، ٹریبونل نے اسد قیصر کی اپیل منظور کرتے ہوئے کاغذات درست قرار دے دیئے۔
واضح رہے کہ اسد قیصر کے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 اور پی کے 50 سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کئے گئے تھے۔
ادھر الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے 3 حلقوں کے کاغذات درست قرار دے دیئے۔
الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے سابق صوبائی وزیر کی اپیل پر سماعت کی، ٹریبونل نے تیمور سلیم جھگڑا کی اپیل منظور کرتے ہوئے ان کے کاغذات درست قرار دیئے۔
یہ بھی پڑھیں:لگتا ہے ریٹرننگ افسر نے شوقیہ دھڑا دھڑ کاغذات مسترد کئے: الیکشن ٹریبونل
یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے تیمور سلیم جھگڑا کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 28 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقوں پی کے 75 اور 79 سے کاغذات مسترد کئے تھے۔
سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کر لئے گئے، سابق ایم این اے شیر علی ارباب کی اپیلیں منظور کر لی گئیں، الیکشن ٹریبونل نے این اے 36 ہنگو سے پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کے کاغذات بھی درست قرار دیئے۔
راولپنڈی میں الیکشن ٹریبونل سربراہ جسٹس مرزا وقاص رؤف نے تحریک انصاف کے تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے۔
سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، میجر طاہر صادق، ان کی اہلیہ ناز صادق، پی پی 15 سے سابق وزیر قانون بشارت راجہ، کرنل اجمل صابر، مرتضیٰ ستی، طارق مرتضیٰ، سیمابیہ طاہر، سابق وزیر راجہ راشد حفیظ کے کاغذات منظور کر کے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
مزید پڑھیں:کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کیخلاف اپیلوں پر فیصلے میں 4 روز باقی
راولپنڈی میں الیکشن ٹریبونل نے حلقہ پی پی 23 چکوال سے فوزیہ بہرام کے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات مسترد کر کے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹس کے الیکشن ٹریبونلز میں ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں کی سماعتیں جاری ہیں، اپیلوں کے فیصلوں میں چار روز باقی ہیں، 10 جنوری تک تمام فیصلے سنائے جائیں گے۔