اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں موسم سرما کے رنگ نظر آنے لگے، کہیں بارش اور کہیں برف باری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمان سے گرتی برف سے نظارے حسین ہوگئے، کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، مستونگ، قلات، قلعہ عبداللہ، نوشکی، لورالائی سمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم شدید سرد ہوگیا۔
قلات میں پارہ منفی 3، زیارت میں منفی 2 اور کوئٹہ میں منفی ایک تک گر گیا ہے، پہاڑوں پر برفباری کے حسین مناظر سے مقامی لوگ اور سیاح خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
وادی نیلم میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرنے کے باعث ندی نالے اور چشمے جم گئے، شديد سردی کی وجہ سے سیاحوں کی آمدورفت بند ہوگئی، سیاحت سے جڑے لوگوں کے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے، خشک سردی کے باعث بیماریاں پھوٹنے کے خطرات بھی منڈلانے لگے ہیں۔
ضلع نیلم میں گزشتہ تین ماہ سے بجلی اور انٹرنیٹ کی آنکھ مچولی جاری ہے، شديد سردی کی وجہ سے بالائی نیلم کے سکولوں میں چھٹیاں کر دی گئیں۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی کڑاکے کی سردی پڑنے سے درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، شہری شدید سردی میں ٹھٹھرنے لگے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، رواں برس سردیوں کا دورانیہ گزشتہ سال کی نسبت طویل رہے گا۔