راولپنڈی : (دنیانیوز) توہین الیکشن کمیشن کیس میں بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر فواد چودھری پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی ۔
نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اورفوادچودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی، فواد چودھری کے وکیل فیصل فرید چودھری عدالت پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی کے باعث پیش نہ ہوسکے ۔
الیکشن کمیشن توہین کیس کی سماعت بغیر کارروائی 3جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔
الیکشن کمیشن کی کاز لسٹ جاری کیے جانے کے بعد فواد چودھری کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اوپن ٹرائل کی استدعا کی گئی ہے ۔
بعدازاں فواد چودھری کے وکیل فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کیس کا ریکارڈ اور آرڈر شیٹ منگوایا گیا، فواد چودھری اور میرے بھائی،تائید اور تجویز کنندہ کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے، اوپن ٹرائل پر خصوصی طور پر بات کی گئی، کمیشن نے مجھے الیکشن کمیشن بلایا ہے، الیکشن کمیشن جا کر اپنی معروضات وہاں انکے سامنے پیش کروں گا۔
گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی اور فواد چودھری پر فردجرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی تھی۔