اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے مقبوضہ و جموں کشمیر میں 3 کشمیری شہریوں کے حراستی قتل کی شدید مذمت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ضلع پونچھ میں تین کشمیری شہریوں کے وحشیانہ حراستی قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، تینوں کشمیری شہریوں کو بھارتی قابض فوج کے ایک کیمپ میں تشدد کرکے ہلاک کیا گیا، بھارتی اہلکاروں کی جانب سے تین افراد کو برہنہ کرکے مرچ پاؤڈر چھڑکنے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی بے لگام ریاستی دہشتگردی کو بے نقاب کرتا ہے، ان حراستی ہلاکتوں کے ذمہ داروں کا احتساب ہونا چاہئے، ہندوستان کا مقبوضہ کشمیر پر ظالمانہ قبضہ تمام بڑے مسائل کی جڑ ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔