ہمارا بیانیہ واضح، کوئی ادارہ آئین و قانون سے ماورا حرکت نہ کرے: جاوید لطیف

Published On 21 December,2023 01:43 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے کہ کوئی ادارہ آئین و قانون سے ماورا حرکت نہ کرے۔

ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ یہاں کا ٹرمپ آج جیل میں ہے، بانی پی ٹی آئی نے جمہوریت پر حملہ کیا، عدالتوں نے نوٹس لیا ہوتا تو ان میں 9 مئی کے حملے کرنے کی جرات نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ آج لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی جاتی ہے، وہ شخص چاہتا ہے اسٹیبلشمنٹ اس کیلئے مداخلت کرے، ہمارا بیانیہ بڑا واضح ہے، کوئی ادارہ آئین وقانون سے ماورا حرکت نہ کرے، ہم چاہتے ہیں اداروں میں بیٹھے لوگ آئین و قانون کی پاسداری کریں۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع ملنے چاہئیں، کسی بے گناہ کو کسی حال میں ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے، کسی بے گناہ کو کسی ادارے میں بیٹھا شخص ہراساں کرتا ہے تو غلط ہے، ہم چاہتے ہیں کوئی دباؤ میں آ کر یا کسی کی خواہش پر فیصلہ نہ دے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کے اجلاس ختم ہونے پر نوازشریف پاکستان بھر میں نکلیں گے، قائد ن لیگ پاکستان بھر میں عوام سے مخاطب ہوں گے، 8 فروری 2024 کو 2013 سے زیادہ اکثریت حاصل کریں گے، ہم پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں میں اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ آج ایک خوفناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، آج خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، نوازشریف ہی معیشت کو درست کرنے کیلئے قوم کی امید ہیں۔