لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے 2 روز کی توسیع کا مطالبہ کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے کاغذات نامزدگی میں توسیع کیلئے الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھ دیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پولنگ تاریخ میں تبدیلی کئے بغیر شیڈول میں ترمیم کر سکتا ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لئے صرف 3 دن دیئے گئے ہیں، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے 7 دن مختص کئے گئے ہیں۔
اسحاق ڈار نے مراسلے میں لکھا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت اس کے ساتھ مختلف دستاویزات بھی جمع کرانا ہوتی ہیں، کاغذات نامزدگی کے ساتھ مختلف سرکاری محکموں کے این او سیز بھی منسلک کرنا ہوتے ہیں، دستاویزات مکمل کرنے کے لئے وقت درکار ہوتا ہے، دستاویزات مکمل نہ ہونے پر کاغذات مسترد ہو جاتے ہیں۔
مسلم لیگ ن نے مطالبہ کیا ہے کہ امیدواروں کی سہولت کے لئے الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں دو دن کی توسیع کرے، الیکشن کمیشن 8 فروری کی پولنگ تاریخ تبدیل کئے بغیر الیکشن شیڈول میں ترمیم کرے۔