لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب آفس نے بلدیہ عظمیٰ لاہور کو تین ارب روپے کے تعمیر و بحالی کے کام کروانے کی منظوری دیدی۔
بلدیہ عظمیٰ لاہور میں تعمیر و بحالی کے کام کروانے کیلئے تین ارب روپے منظور ہو گئے، تعمیر و بحالی کے کاموں میں سڑکوں کو پختہ کرنا، فٹ پاتھ کو لش پش کرنا اور لین مارکنگ شامل ہیں، شہر کے نو زونز میں قبرستانوں کی چار دیواری، گلیوں اور سیوریج کے کام بھی ہوں گے، 8 بڑی سڑکوں کے لئے 1 ارب 4 کروڑ روپے کے ٹینڈرز کال کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اس کے علاوہ 302 شاہراہوں کے پیچ ورک کے لئے 46 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کئے جائیں گے، 62 روڈز کی تعمیر و بحالی اور فٹ پاتھوں کی تزئین و آرائش کے لئے 85 کروڑ روپے کے ٹینڈرز کی منظوری بھی دی گئی۔
45 شاہراہوں، قبرستانوں کی چاردیواری اور سیوریج و پکی گلیوں کے لئے 48 کروڑ روپے کے ٹینڈرز منظور کئے گئے، ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر نے 30 دسمبر تک ٹینڈرز کال کرنے کی منظوری دی۔
ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ 30 جنوری تک سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے لئے کام مکمل کروانے کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔