لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر پنجاب میں پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملی تو اچھا سرپرائز دیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کا دورہ کیا، اس دوران وہ کارکنوں میں گھل مل گئے، سیلفیاں بھی بنوائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لاہور پہنچ کر بہت اچھا لگا، پیپلزپارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی گئی، مہنگائی غربت اور بے روزگاری نے عوام کو مشکل میں ڈال رکھا ہے، اس وقت ملک میں مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت جب بھی آئی ہم نے بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کیا، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، ماضی میں ہم نے انقلابی منصوبہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، آئندہ حکومت میں نوجوانوں اور مزدوروں کو ریلیف دینے کے لئے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تفریق کی سیاست ہو رہی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن بہت بہادر ہیں، نواز شریف کا دور حکومت بھی پیپلزپارٹی کارکنوں کے لئے آمریت سے کم نہیں تھا، پاکستان پیپلزپارٹی سیاسی جماعت ہے، سیاسی جماعتوں کے دروازے بات چیت کے لئے ہمیشہ سب کے لئے کھلے رہتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ پورے پاکستان میں سرپرائز دیں گے، آئندہ انتخابات میں اکثریت حاصل ہوئی تو سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، پیپلزپارٹی کو لاہور میں دوبارہ عروج دینے کے لئے محنت کی جائے گی۔