اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، ریٹرننگ افسران 19دسمبر کو پبلک نوٹس جاری کریں گے۔
شیڈول کے مطابق عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی 20 تا 22 دسمبر جمع کرائے جاسکیں گے، امیدواروں کی ابتدائی فہرستیں 23 دسمبر کو جاری ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل، الیکشن کمیشن آج ہی شیڈول کا اعلان کرے: سپریم کورٹ
امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 تا 30 دسمبر ہو گی، کاغذات نامزدگی کیخلاف اعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے بارے میں لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آج ہی الیکشن شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے نام مراسلہ بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ ڈی آر اوز اور ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ 17 تا 18 دسمبر ہوگی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مراسلے کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی ایک روزہ ٹریننگ 19 دسمبر کو بھی ہو گی۔