لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے پاس ابھی بھی وقت ہے، اگر مرضی کے ڈی آر اوز لگائے گئے تو نتائج کون مانے گا۔
پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف بابر اعوان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نئے الیکشن کیلئے دو حکومتیں چھوڑی تھیں، پی ڈی ایم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کو روکا، آج کا سپریم کورٹ کا فیصلہ بڑا اچھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1985ء اور1988ء کے الیکشن سویلین بیوروکریسی نے کروائے تھے، اس کے بعد عدلیہ نے الیکشن کروائے، الیکشن سے دستوری حکمرانی بحال ہوگی، ہم الیکشن میں شفافیت کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔
بابراعوان نے کہا کہ الیکشن کوئی سلیکشن نہیں ہوتا، آئین میں لکھا ہے شفاف الیکشن کو یقینی بنایا جائے، شفاف الیکشن کروانے کیلئے الیکشن کمیشن کو اربوں روپے دیے جاتے ہیں، شفاف الیکشن کیلئے تمام جماعتوں کو جلسے کی اجازت ہونی چاہیے، شفاف الیکشن کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔