دولت پور: (دنیا نیوز) قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے سندھ میں ہونے والے الیکشن کو ڈھکوسلا اور ڈرامہ قرار دے دیا۔
قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایاز لطیف پلیجو نے ’دنیا نیوز‘سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کا راج ہے، نام کی نگران حکومت ہے، سب فیصلے پیپلزپارٹی کر رہی ہے، وزیراعلیٰ ہاؤس کا عملہ وزیراعلیٰ باقر شاہ کی بات کم اور پیپلزپارٹی کے وزیروں کی بات زیادہ سنتا ہے۔
ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ جب تک سندھ کے تمام حلقوں سے ڈی سیز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایجوکیشن آفیسرز کو نہیں ہٹایا جاتا صاف شفاف الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن کمیشن صاف شفاف الیکشن چاہتا ہے تو اقتدار اور مفادات سے جڑے ہوئے ان لوگوں کو ہٹائے ورنہ الیکشن ڈرامہ اور ڈھکوسلا ہوگا۔
قومی عوامی تحریک کے مرکزی صدر نے مزید کہا کہ سندھ کے وسائل پر ڈاکہ اپنے عروج پر ہے، سندھ کے جتنے وسائل ہیں یہ عوام کے ہیں، ان پر پہلا حق بھی عوام کا ہے ۔