مظفر آباد: (دنیا نیوز) سابق وزرائے اعظم آزاد جموں و کشمیر کے الاؤنسز اور مراعات میں اضافے کا بل قانون ساز اسمبلی میں پیش کر دیا گیا۔
بل کے تحت سابق وزرائے اعظم کو کلرک، ڈرائیور، گن مین اور رہائش کیلئے 3 پولیس اہلکار ملیں گے جبکہ 400 لیٹر پٹرول بھی سرکاری خزانے سے دیا جائے گا۔
سابق وزرائے اعظم میں سلطان محمود، چودھری عبد المجید، سردار عتیق، سردار یعقوب، فاروق حیدر اور قیوم نیازی بھی شامل ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعظم تنویر الیاس نے مراعات لینے سے انکار کر دیا ہے۔
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں حکومتی وزراء کے الاؤنسز میں بھی 50 ہزار روپے اضافے کا بل پیش کیا گیا ہے، قائد حزب اختلاف سمیت اپوزیشن اراکین نے مراعات میں اضافے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی میں اختلافی نوٹ پیش کیا۔
آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ترجمان نے سابق وزرائے اعظم کی مراعات پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی مراعات نہیں لینا چاہتا تو اسے چھوڑ دینی چاہئیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں سیکڑوں تعلیمی ادارے فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے تعمیر کے منتظر ہیں جبکہ سستے آٹے کی فراہمی بھی خواب بن کر رہ گئی ہے، ایسے میں سابق وزرائے اعظم اور وزراء کی مراعات میں اضافے پر عام آدمی بھی سوال اٹھا رہا ہے۔