عام انتخابات کی تیاریاں: الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کی تفصیل جاری کر دی

Published On 01 December,2023 12:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ملک بھر میں حلقہ بندیاں مکمل کر لی گئیں جس کا باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ساتویں مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر کی گئی نئی حلقہ بندیوں میں سابقہ فاٹا کی 12 نشستیں کم ہو کر 6 رہ گئی ہیں، اسی طرح سانگھڑ میں قومی اسمبلی کی 3 نشستوں میں سے ایک کم ہو کر 2 رہ گئیں جبکہ کراچی ساؤتھ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست بڑھ کر 3 ہو گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خیرپور کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 7 سے کم ہو کر 6، سانگھڑ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 6 سے کم ہو کر 5، ٹھٹھہ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 3 سے کم ہو کر 2 ہو گئی ہیں جبکہ ملیر، کراچی ایسٹ اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست میں اضافہ ہو گیا، ملیر کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 5 سے بڑھ کر 6، کراچی ایسٹ کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 8 سے بڑھ کر 9 جبکہ کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی نشستیں 8 سے بڑھ کر 9 ہو گئی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں کے مطابق آئندہ عام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 266 ہو گی جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی سیٹیں 3 ہو گئی ہیں، پنجاب میں قومی اسمبلی کی 141، سندھ میں 61 نشستیں ہوں گی جبکہ خیبرپختونخوا میں 45 اور بلوچستان میں قومی اسمبلی کی سیٹوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 297، سندھ اسمبلی میں 130، خیبرپختونخوا اسمبلی میں 115 اور بلوچستان اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 51 ہو گی۔

نئی حلقہ بندیوں کے مطابق قومی اسمبلی کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں کی تعداد 60 ہو گی، پنجاب میں سب سے زیادہ خواتین کی سیٹوں تعداد 32، سندھ میں 14، خیبرپختونخوا میں 10، بلوچستان میں خواتین کی 4 مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔