کویت پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا، کابینہ نے منظوری دیدی

Published On 24 November,2023 06:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔

 

نگران وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون کے فیصلوں کی توثیق کر دی، وفاقی کابینہ نے کویت کے ساتھ 7 معاہدوں کی منظوری دیدی، ایم او یوز پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ چند روز میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خوشخبری ملے گی: نگران وزیراعظم

اعلامیہ کے مطابق کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، ان میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کیلئے مینگروو کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، آئی ٹی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم اور وفاقی کابینہ نے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور متعلقہ وزارتوں کی اس حوالے سے کوششوں کی تعریف کی، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: ایپکس کمیٹی اجلاس: آرمی چیف کا معاشی بحالی کیلئےحکومت سے مکمل تعاون کا اظہار

کابینہ نے قانون سازی معاملات پر کابینہ کمیٹی کے 13 نومبر کے فیصلوں کی توثیق کر دی، وفاقی کابینہ نے 15 نومبر کے ای سی سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کر دی۔