اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈرز کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے درخواستوں پر سماعت کی جس دوران ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ایم پی او آرڈر جاری کرنے کے اختیار پر بھی دلائل مکمل کیے گئے۔
درخواست گزار کے وکیل شیرافضل مروت پیش نہ ہوئے جس پر انہیں تحریری دلائل جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے اختیارات سے متعلق عدالت نے دو عدالتی معاونین مقرر کیے تھے، دونوں عدالتی معاونین بیرسٹر صلاح الدین اور وقار رانا عدالت میں دلائل دے چکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کے خلاف ایم پی او آرڈر معطل کر رکھا ہے اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مزید ایم پی او آرڈرجاری کرنے سے بھی روک رکھا ہے۔
اب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈرز کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔