تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا

Published On 23 November,2023 01:37 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو پارٹی میں رد و بدل اور انٹرا پارٹی انتخابات پر نوٹس جاری کیا تھا، تحریک انصاف نے محفوظ شدہ فیصلہ جلد از جلد سنانے کی درخواست کی تھی جس پر الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ فیصلہ آج دن 12 بجے سنایا جائے گا، الیکشن کمیشن کی جانب سے کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔

پی ٹی آئی وکیل کی جانب سے جواب جمع کرانے پر الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کا فیصلہ 13 ستمبر کو محفوظ کیا تھا، ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے انٹرا پارٹی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی، فیصلہ خلاف آنے پر پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کا معاملہ الیکشن کمیشن میں 2022ء سے زیر التوا ہے، کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کا حکم دیا گیا تھا، الیکشن ایکٹ کے مطابق تمام سیاسی جماعتیں انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی پابند ہیں۔