نگران وزیراعظم ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے تاشقند پہنچ گئے

Published On 08 November,2023 08:57 am

اسلام آباد : (دنیانیوز) نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ آج تاشقند ازبکستان پہنچ گئے جہاں وہ 16ویں اقتصادی تعاون تنظیم(ای سی او) سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔

تاشقند کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ازبکستان کے وزیر اعظم عبدالله نعمتویچ عارفوف نے نگران وزیر اعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔

سربراہی اجلاس میں وزیراعظم ای سی او ویژن 2025 ، تجارت، ٹرانسپورٹ کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ پر بات کریں گے۔

وزیراعظم کنیکٹیویٹی، توانائی، سیاحت اور اقتصادی ترقی اور پیداواری شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :نگران وزیر اعظم اپنے دورہ ازبکستان اور سعودیہ سے متعلق آج پریس کانفرنس کرینگے

انوار الحق کاکڑ تنظیم کے مستقبل کے کام اور علاقائی روابط اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے پاکستان کا وژن پیش کریں گے، وزیر اعظم ازبکستان کی قیادت اور سمٹ میں شریک دیگر رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ بات چیت میں بھی شامل ہوں گے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے بانی رکن کے طور پر پاکستان ای سی او خطے کے روابط اور باہمی خوشحالی کے اہداف کے لیے پرعزم ہے۔