کراچی: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر سے نیویارک سٹیٹ کے ڈپٹی سپیکر فلپ راموس نے وفد کے ساتھ ملاقات کی۔
ترجمان نگران وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق ملاقات میں چیف آف سٹاف نیویارک اسمبلی کرسچن میکیریو، چیئرمین اے پی پی اے سی ڈاکٹراعجاز احمد اور دیگر بھی شریک ہوئے، نگران وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخرعالم، وزیرصحت، میئر کراچی اور دیگر بھی موجود تھے۔
ترجمان نے بتایا نگران وزیراعلیٰ سندھ نے وفد کو وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر خوش آمدید کہا، نگران وزیراعلیٰ سندھ اور نیویارک سٹیٹ کے ڈپٹی سپیکر نے سندھ اور نیویارک کو سسٹر سٹی قرار دینے پر بات چیت کی، نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ سسٹر سٹی ڈکلیئر ہونے سے سندھ اور نیویارک کے مختلف سیکٹرز کے لوگوں کا آپس میں رابطہ قائم ہوگا۔
مقبول باقر نے کہا کہ سسٹرسٹی ڈکلیئر ہونے سے سندھ اور نیویارک کے ماہرین کو مختلف شعبوں میں ملکر کام کرنے کا موقع ملے گا، سسٹر سٹی ڈکلیئر ہونے سے ہمارے ڈاکٹرز اور نرسز کو نیویارک میں تربیت حاصل کرنے کا بھی موقع ملے گا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ سندھ کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ڈاکٹرز، تعلیم دان اور تاجروں کو نیویارک کے اداروں کیساتھ ملکر کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے، مقبول باقر کو بریفنگ میں بتایا گیا امریکن پاکستانی کمیٹی پاکستانی طلبہ کو امریکا میں تعلیم کے حصول کیلئے سکالر شپ دینے پر کام کررہی ہے۔
مقبول باقر نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیویارک ریاست کیساتھ سسٹر سٹی کا ایم او یو سائن کرنے کے حوالے سے تمام ضروری کاغذی کارروائی جلد مکمل کی جائے۔