اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سینیٹر رضا ربانی نے آئینی بحران سے بچنے کیلئے الیکشن کمیشن سے عام انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اکتوبر سے فروری تک نیا بجٹ منظور کیا ہے، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، یہی صورت حال خیبرپختونخوا میں ہونے جا رہی ہے، آئین کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس بات کا اعلان کرے کہ الیکشن کب ہونے ہیں، اگر الیکشن جنوری یا فروری میں نہیں ہوئے تو ایک اور آئینی خلاف ورزی ہو جائے گی۔
رضا ربانی نے کہا کہ نصف سینیٹ کی مدت مارچ میں ختم ہو جائے گی، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت نصف ممبران سینیٹ ریٹائر ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان نہیں کرتا تو آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔