پشاور: (ویب ڈیسک )صوبائی دارالحکومت پشاور میں جرائم پیشہ روپوش ملزمان کے تصویری بینرز اہم شاہراؤں پر آویزاں کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی تصاویر متعلقہ تھانوں، چوکیوں اور اہم سڑکوں پر آویزاں کی جائیں گی۔
پولیس کاکہنا ہے کہ رہزنی اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ایک ہزار سے زیادہ روپوش ملزمان کی تصاویر جاری کردی گئی ہیں ، بینرز پر ملزمان کی تصاویر کے ساتھ ان کے نام اور پتے بھی درج کیے جائیں گے اور عوام کو مطلوب ملزمان سے تعلق نہ رکھنے کی ہدایت کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق ان ملزمان کے ساتھ کوئی پایا گیا تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ، بینرز لگانے کا مقصد جرائم پیشہ افراد سے عوام کو باخبر رکھنا ہے۔
پولیس کی جانب سے مطلوب ملزمان کی گرفتاری میں عوام سے تعاون کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔