5.14 بلین کی مشکوک ٹرانزیکشن، صابر حمید عرف مٹھو ایف آئی اے طلب

Published On 20 October,2023 11:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اکاؤنٹس میں مشکوک اور بڑے پیمانے پر ہونے والی ٹرانزیکشن پر ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ نے صابر حمید عرف مٹھو کو طلب کر لیا۔

ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ نے صابر حمید کو 23 اکتوبر کو 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، صابر حمید کے 19 اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا جن میں 14 پاکستانی اور 5 فارن اکاؤنٹس شامل ہیں۔

صابر حمید کے 19 اکاؤنٹس میں 5.14 بلین کی ٹرانزیکشن کی گئی، ایف آئی اے نے بینک اکاؤنٹس اور بیرون ملک دوروں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

صابر حمید کو ذاتی، اہلیہ اور بچوں کے نام پر پاکستان اور بیرون ملک خریدی گئی غیر ملکی کرنسی کا ریکارڈ ہمراہ لانے اور آف شور کمپنیوں کا بھی ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پیش نہ ہونے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔