12 ہزار 96 مبینہ جعلی پاسپورٹ کا اجراء: تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی تشکیل

Published On 16 October,2023 07:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سے 12 ہزار 96 مبینہ جعلی پاسپورٹ کے اجراء کے معاملہ پر وزارت داخلہ نے تحقیقات کے لئے 5 رکنی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کریں گے، ڈپٹی سیکرٹری ایف ائی اے وزارت داخلہ، ایف آئی اے اور نادرا کا ایک ایک نمائندہ بھی کمیٹی میں شامل ہوگا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن پاسپورٹ کمیٹی کے سیکرٹری ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی پاسپورٹ کے اجراء اور ادراروں کی ملی بھگت کے تعین سمیت جعلی پاسپورٹ کی تحقیقات کرے گی، کمیٹی پاسپورٹ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی ذمہ داری مستقبل میں خطرات کو روکنے کی تجاویز بھی جمع کرائے گی، کمیٹی 15 دن کےاندر اپنی رپوٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔