بلاول بھٹو سے مختلف پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Published On 28 September,2023 08:05 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے مختلف پارٹی رہنماؤں نے ملاقاتیں کی ہیں جن میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی سے خورشید شاہ، رضا ربانی، قائم علی شاہ اور اور ناصر شاہ سمیت اہم پارٹی رہنماؤں نے بلاول ہاؤس میں الگ، الگ ملاقاتیں کیں۔

خورشید شاہ
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی رہنما سید خورشید شاہ کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات میں نام نہاد مقبولیت کی دعوے دار حریف سیاسی جماعت کو عبرت ناک شکست دی، پاکستان پیپلزپارٹی نے سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں پورے صوبے سے کلین سوئپ کیا۔

قائم علی شاہ
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی جس میں مجموعی ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رضا ربانی
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس میں سینیٹر رضا ربانی نے ملاقات کی، اس موقع پر انہوں نے بلاول بھٹو کو ایوان بالا میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ناصر شاہ
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ناصر شاہ نے اپنے صاحبزادوں سید محمد علی شاہ، سید اکبر شاہ اور سید ظہیر حسین شاہ کے ہمراہ ملاقات کی۔

اس موقع پر ناصر شاہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو اپنے صاحبزادے سید اکبر شاہ کے ولیمے کا دعوت نامہ بھی دیا۔

شاہدہ رحمانی
 چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی و تنظیمی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔