نیویارک: (دنیا نیوز) منیر اکرم نے کہا خطے میں ترقی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام ناگزیر ہے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے افغانستان کے حوالے سے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، عالمی برادری کوافغانستان کی انسانی بنیادوں پرمدد کرنی چاہئے، بچیوں کی تعلیم اور خواتین کی ملازمت پر پابندی کے حوالے سے پاکستان کا واضح مؤقف ہے۔
منیراکرم نے کہا افغانستان کو کرنسی اور اشیاء کی سمگلنگ پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے، افغان سر زمین کو دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردوں کی کارروائیاں روکنا ہوں گی، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان پر حملوں میں افغان سرزمین استعمال کرتی ہے۔
مستقل مندوب نے مزید کہا دہشت گرد تنظیموں کے قلع قمع کے لئے پاکستان نے بھرپور کارروائیاں کی ہیں، پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کی کئی سالوں کی میزبانی سے سب واقف ہیں، افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لئےعالمی برادری اپنا کردارادا کرے، افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کے لئے بھی ضروری ہے، امید کرتے ہیں کہ عبوری افغان حکومت اپنے وعدے پورے کرے گی۔