سیہون: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے کہا کہ سندھ کے پیچھے رہ جانے والے علاقوں کو بھی ترقی دینا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج انتہائی خوشی کا موقع ہے، پروردگار نے آپ کی استقامت ، صبر اور آپ کی ہمت کے عوض آپ کو یہ پھل دیا، یہ ایک بہت بڑی سکیم ہے جس کے تحت سندھ حکومت 2 ملین گھر آپ کو فراہم کرے گی، خوبی کی بات یہ ہے کہ گھروں کی تعمیر و ترقی میں آپ شانہ بشانہ شامل ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے کہا یہ سکیم تکمیل کے مراحل کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے، ساتھ ساتھ آپ کی مکمل وابستگی بھی ہے، سندھ حکومت کی کوشش رہے گی کہ زندگی کی دیگر سہولیات بھی اپنے محدود وسائل میں رہتے ہوئے جو فراہم کرسکتی ہے وہ کرے، سب سے بڑی خوشی کی بات یہ ہے کہ اس ساری سکیم اور تعمیر نو میں خواتین کا بڑا نمایاں کردار ہے۔
مقبول باقر نے کہا اس منصوبے میں خواتین کو مکمل شراکت داری کا حق دیا گیا ہے، سکیم کی تکمیل کے حوالے سے خواتین نے خود آگے بڑھ کر بڑی ہمت کا مظاہرہ کیا، آپ کی مشکلات میں کمی کے لئے سندھ حکومت ہمیشہ کوشاں رہے گی، سندھ کے دیگر علاقے جو ترقی میں کسی نہ کسی وجہ سے پیچھے رہ گئے ہیں اُن کو بھی ترقی دی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا اس سکیم کی کامیابی کو دیکھ کر ترقی کے دیگر منصوبوں میں بھی خواتین سے خدمات لی جائیں گی، خواتین کی شراکت داری کو یقینی بنایا جائے گا کیونکہ اس سکیم کے نتائج سے آپ کی لگن واضح ہے، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ آپ کو ہر طرح کا ریلیف دیا جاسکے، 75 فیصد سندھ زیر آب آگیا تھا، پاکستان میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ تھا جو اس سیلاب سے بُری طرح متاثر ہوا۔
مقبول باقر نے کہا بین الاقوامی ڈونرز نے قرضے کی صورت میں ہماری کافی مدد کی، اُن کے تعاون سے ہم آگے کی جانب رواں دواں ہیں، اللہ پاک آنے والی حکومت کو توفیق دے کہ وہ آپ کے رنج و الم مٹا سکے، انشاء اللہ اب ہم ہر رکاوٹ آسانی سے عبور کرلیں گے۔