کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے نگران وفاقی وزیر کامرس، انڈسٹریز اور ٹیکسٹائل ڈاکٹر گوہراعجازنے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صنعتی پیداوار میں اضافہ، کراچی میں خصوصاً صنعتوں کو بجلی و گیس کی مسلسل فراہمی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ اور نرخ میں اضافے سے عام شہری کیساتھ ساتھ صنعت کار بھی پریشان ہیں، ملک کی معاشی ترقی کا انحصار صنعتی فعالیت پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی اگر ترقی کرے گا تو پورا ملک ترقی کرے گا۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر کامرس گوہر اعجاز نے کہا کہ نگران حکومت صنعت کاروں کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کر رہی ہے۔
یاد رہے کہ نگران وفاقی وزیر گورنر سندھ کی دعوت پر اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرنے کراچی آئے ہیں۔