اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے خلاف درج ایف آئی آرز کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں علی وزیر کے خلاف کیسز کی تفصیلات فراہمی اور حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کیس کی سماعت کی۔
درخواست گزار عطا اللہ کنڈی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ خدشہ ہے درخواست گزار کو ان کے خلاف درج گمنام ایف آئی آر میں گرفتار کیا جا سکتا ہے، ایف آئی اے میں زیر التوا مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا جائے۔
اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست گزار کے خلاف 4 ایف آئی آرز درج ہیں۔
بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی آرز کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی۔