لاہور: (دنیا نیوز) جام پور میں کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملے کے بعد نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے سپرے کرنے کی ہدایت کر دی۔
پاک فوج کی جانب سے سپرے کیلئے ہیلی کاپٹر اور ڈرونز فراہم کر دیئے گئے، کپاس کی فصل پر سفید مکھی کے حملہ کے پیش نظر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فوری حفاظتی اقدامات کرنے، کاٹن زونز میں نہری پانی کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم جاری کر دیا۔
سفید مکھی کے تدارک کی مہم کے دوران پاک فوج کے تعاون سے ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز کے ذریعے کپاس کی فصل پر سپرے کیا جائے گا، جام پور میں 300 ایکڑ پر ایک ہزار لٹر موثر پیسٹی سائیڈ سپرے کیا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کی محنت ضائع نہیں ہونے دیں گے، کاشتکاروں کو تکنیکی معاونت اور پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے آگاہی دی جا رہی ہے، سیکرٹری زراعت افتخار سہو جام پور جا کر حفاظتی اقدامات کی نگرانی کریں گے۔