محسن نقوی سے تاجروں کے وفد کی ملاقات، صنعتوں کے فروغ بارے بات چیت

Published On 10 September,2023 01:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ صوبے میں انڈسٹری کے فروغ کیلئے تمام تر ممکنہ سہولتیں اور وسائل مہیا کریں گے۔

محسن نقوی سے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں صنعتوں کے فروغ کیلئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کرنے والوں میں صدر چیمبر آف کامرس لاہور کاشف انور، صدرگوجرانوالہ چیمبر ضیاء الحق، صدر سیالکوٹ چیمبر عبدالغفار ملک، صدر چیمبر فیصل آباد ڈاکٹر خرم طارق، صدر چیمبر ملتان میاں راشد اقبال شامل تھے۔

تاجر برادری سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نئی انڈسٹری لگانے اور پرانی انڈسٹری کو چلانے کے لئے تاجروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا، صوبے میں انڈسٹریز کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ سہولتیں اور وسائل مہیا کریں گے۔

چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدور نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔

صدر لاہور چیمبرز کاشف انور کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کام کر کے ثابت کر دیا کہ نیت نیک ہو تو کچھ بھی ممکن ہے۔