راولپنڈی: (دنیا نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پکڑ دھکڑ اور ڈنڈا مسئلے کا حل نہیں ہے، سب کو مل بیٹھ کر سنگین معاشی بحران کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مسئلہ اقتصادی اور معاشی ہے سیاسی نہیں رہا، عوام کا نام ہی ریاست ہے، عوام خوشحال ہوں گے تو ریاست خوشحال ہوگی۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) September 7, 2023
انہوں نے کہا کہ بڑے بزنس مین کو ہمیشہ سبسڈی چاہیے، اسے غریب کی دو وقت کی روٹی کی کوئی فکر نہیں ہے، بڑا آدمی کرپشن کرتا ہے اور سزا غریب کو ملتی ہے، جتنی تیزی سے آبادی بڑھ رہی ہے اتنی تیزی سے ہی کاروباری ادارے اور کارخانے بند ہو رہے ہیں، عوام کے جذبات اور مسائل پر پوری توجہ دینی ہوگی۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ حالات مزید بگڑ گئے تو کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی، بات اب یا کبھی نہیں تک پہنچ گئی ہے جس کا فوری حل تلاش کرنا بہت ضروری ہے، عوام کی گاڑی چھوٹ گئی تو پھر کسی سے پکڑی نہیں جائے گی۔